پاکستان میں سمندر کنارے بہترین کوالٹی کی گیس کی پہلی کامیاب دریافت

image

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ضلع سجاول کے میں واقع سیرانی بلاک کے کنویں 'ڈولفن X-1' سے سمندر کنارے (آف شور/ساحلی علاقے) بہترین کوالٹی کی گیس کی پہلی اہم اور منفرد دریافت کرلی ہے۔ پی پی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر اس اہم پیشرفت سے باقاعدہ آگاہ کردیا ہے۔

یہ لوئر انڈس بیسن کی جراسک دور کی 'چلتن فارمیشن' سے ہونے والی اپنی نوعیت کی پہلی دریافت ہے۔ اس کنویں کی کھدائی کا آغاز 17 اپریل کو ہوا تھا جسے 3,850 میٹر کی گہرائی تک کھودا گیا۔ فی الوقت اس کنویں سے یومیہ 9 لاکھ 50 ہزار (9.5 لاکھ) اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔

سیرانی بلاک میں پی پی ایل 75 فیصد شیئرز کے ساتھ آپریٹر ہے جبکہ جی ایچ پی ایل 25 فیصد کی پارٹنر ہے۔ کمپنی نے ڈولفن ایکس ون منصوبے کی کامیابی کے لیے پاکستان نیوی کے گراں قدر تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق سمندر کی دلدلی زمین اور کم گہرائی والے (شیلو آف شور) علاقے میں یہ نئی دریافت ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جس سے پاکستان کے شیلو آف شور علاقوں کی دریافتی صلاحیت میں مزید اضافے اور نئے امکانات روشن ہونے کی امید ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US