چوہنگ میں داماد کی سسرال میں فائرنگ، بیوی سمیت 4 افراد جاں بحق، ملزم کی خودکشی

image

لاہور کے علاقے چوہنگ میں گھریلو تنازع پر داماد نے سسرالیوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں بیوی، ساس، سسر اور سالا جاں بحق ہوگئے، جبکہ ملزم نے واردات کے بعد خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ برکت کالونی چوہنگ میں صبح پونے 6 بجے پیش آیا، جہاں عمران شوکت مبینہ طور پر رائفل لے کر اپنے سسرال پہنچا اور اہل خانہ پر فائرنگ کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے سمیعہ بی بی، اس کے والد علی خان، بھائی ذیشان خان اور والدہ شمائلہ بی بی جاں بحق ہوگئے۔ ملزم نے واردات کے بعد اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق عمران شوکت کی تقریباً 6 ماہ قبل سمیعہ بی بی سے شادی ہوئی تھی، تاہم شادی کے بعد سمیعہ اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔ ملزم مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کو اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا اور اسی معاملے پر پیش آنے والے تنازع کے دوران فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ کے سر، سسر علی خان کے سینے اور سالے ذیشان خان کی کمر پر گولیاں ماریں، جبکہ ساس شمائلہ بی بی بھی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئیں۔

واقعے کے بعد چوہنگ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US