ملک میں جاری سیاسی ہلچل اور بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کے عدالتی حکم کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سمیت ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی جغرافیائی کشیدگی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کی زد میں آگئی۔ سرمایہ کاروں میں خوف و ہراس اور پریشانی کے باعث مارکیٹ میں زبردست فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔
کاروباری روز کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا اور ایک موقع پر انڈیکس 2600 سے زائد پوائنٹس تک نیچے گرگیا۔ اس شدید مندی کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج 180,000، 179,000 اور 178,000 پوائنٹس کی تین اہم نفساتی حدیں گنوا بیٹھی۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 2,546 پوائنٹس کی بڑی کمی کے بعد 177,955 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
اسٹاک بروکرز کے مطابق مارکیٹ میں سب سے زیادہ فروخت کا دباؤ آئل اینڈ گیس، سیمنٹ، بینکنگ اور فرٹیلائزر کمپنیوں کے شیئرز میں دیکھا گیا، جہاں قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی و ملکی سیاسی اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے منافع بخش شیئرز فروخت کرنے کو ترجیح دی۔