ٹماٹر پھینکو، خوب انجوائے کرو! اسپین میں منفرد فیسٹیول سج گیا

image

اسپین کے شہر بونیول میں دنیا کا منفرد لا ٹوماٹینا فیسٹیول منعقد ہوا جہاں 22 ہزار سے زائد افراد نے تقریباً ایک گھنٹے تک ایک دوسرے پر ٹماٹر پھینک کر خوب ہلہ گلہ کیا۔

اس سال میلے میں شریک افراد میں تقریباً 40 فیصد غیر ملکی سیاح تھے جن میں بھارت، آسٹریلیا، جاپان، یورپ اور ایشیا کے مختلف ممالک سے آنے والے افراد شامل تھے۔ غیر مقامی شرکا کے لیے ٹکٹ کی قیمت 15 یورو مقرر تھی۔

فیسٹیول میں ٹماٹر پھینکنے سے قبل انہیں نرم کرنا لازمی ہے تاکہ کسی کو چوٹ نہ لگے جبکہ کئی شرکا آنکھوں اور کانوں کی حفاظت کے لیے گاگلز اور حفاظتی پلگ بھی استعمال کرتے ہیں۔

ایک گھنٹے بعد توپ کی آواز کے ساتھ ٹماٹر پھینکنے کا سلسلہ ختم ہوا جس کے بعد شرکا پر پانی کا اسپرے کیا گیا اور شہر کی سڑکوں کو بھی دھو کر صاف کردیا گیا۔

لا ٹوماٹینا کا آغاز 1945 میں ایک اچانک جھگڑے سے ہوا تھا جب مقامی نوجوانوں نے ایک دوسرے پر ٹماٹر پھینکنا شروع کیے۔ یہ واقعہ بعد میں سالانہ روایت میں تبدیل ہوگیا اور آج دنیا بھر کے سیاح اس منفرد میلے میں شرکت کے لیے بونیول کا رخ کرتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US