کراچی میں گزشتہ ماہ 14 جولائی کو سہراب گوٹھ بس اڈے پر ڈرم سے ملنے والی لاش کا معمہ حل ہوگیا ہے اور پولیس نے قتل میں ملوث خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق قتل کا واقعہ شادی کے تنازع پر پیش آیا۔ مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے مقتول عالم زیب کے سسرال والے اس رشتے سے خوش نہیں تھے اور انہوں نے ہی اسے قتل کیا۔
مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج مقدمے کے متن کے مطابق عالم زیب کو اس کے برادر نسبتی نے رقم لینے کے لیے ناظم آباد بھیجا تھا جس کے بعد اس کا موبائل فون بند ہوگیا۔
بعدازاں پولیس کے ذریعے معلوم ہوا کہ بس اڈے پر گاڑی میں آئے دو افراد ایک ڈرم رکھ کر فرار ہوگئے تھے جس سے عالم زیب کی لاش برآمد ہوئی۔ معائنے کے مطابق مقتول کی گردن اور سینے پر چھری کے وار کیے گئے تھے۔