پاکستان میں 6 ارب ڈالر کی آئل ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی اور امپورٹ بل میں کمی کا امکان

image

پاکستان میں خام تیل کو مقامی سطح پر ریفائن کرنے کے شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جس سے آئل امپورٹ بل اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز اور کراچی میں ملکی آئل ریفائنریز کے اعلیٰ حکام کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں، جس کے بعد ملکی آئل ریفائنریز 'ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی' کے تحت معاہدوں پر دستخط کے لیے تیار ہوگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق تمام پانچوں ریفائنریز (پارکو، پاکستان ریفائنری، اٹک ریفائنری، نیشنل ریفائنری اور سینرجیکو) آئندہ ماہ حکومت کے ساتھ مشترکہ اور انفرادی معاہدوں پر دستخط کریں گی۔

اس اپ گریڈیشن سے ریفائنری سیکٹر میں 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ ملاقات کے دوران براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر عملدرآمد، ریفائنریز کی مالی و آپریشنل کارکردگی اور ملکی توانائی کی سکیورٹی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق یہ اپ گریڈیشن ریفائننگ شعبے کی طویل مدتی پائیداری کے لیے انتہائی ضروری ہے اور اس کے نتیجے میں پاکستان میں یورو 5 معیار کا ایندھن تیار کیا جا سکے گا۔ مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کے پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار سے درآمدات پر انحصار کم ہوگا اور قیمتوں میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ پارکو کی جانب سے وزیر پیٹرولیم کو حب میں مجوزہ 'آئل سٹی' کے منصوبے پر جاری پیش رفت سے آ گاہ کیا گیا، جس کا مقصد ملکی توانائی سکیورٹی کو مضبوط بنانا، تجارتی روابط بہتر کرنا اور سپلائی کی فراہمی یقینی بنا کر معاشی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔ تمام ریفائنریز کے حکام نے پالیسی پر عملدرآمد کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل ہونے کی تصدیق کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US