ایس ای سی پی (سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان) نے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو آسان اور تیز بنانے کے لیے نیا ڈیجیٹل آن بورڈنگ فریم ورک متعارف کرا دیا ہے۔ اس قدم کا بنیادی مقصد بالخصوص نوجوانوں کی اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت کو فروغ دینا اور سرمایہ کاروں کی کل تعداد کو 25 لاکھ تک بڑھانا ہے۔
نئے ڈیجیٹل فریم ورک کے تحت 24/7 آن بورڈنگ اور پراسیسنگ ممکن ہو گی، جس سے سرمایہ کار کسی بھی وقت آن لائن درخواست جمع کروا سکیں گے۔ ایس ای سی پی کے مطابق اب سہولت اکاؤنٹ صرف ایک دن کے اندر کھولا جا سکے گا، جبکہ انویسٹر اکاؤنٹ کی درخواست پر دو دن میں فیصلہ کیا جائے گا۔
سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ٹریکنگ آئی ڈی کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے وہ اپنی درخواست کی پیشرفت کا جائزہ لے سکیں گے۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی بروکر کسی سرمایہ کار کی درخواست مسترد کرتا ہے تو اسے اس کی وجوہات تحریری طور پر بیان کرنا ہوں گی۔ پہلے سے تصدیق شدہ سرمایہ کاروں کے لیے کارروائی کو مزید آسان بناتے ہوئے انہیں دوبارہ تصدیق سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے جدید استعمال کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ کو ہر فرد کے لیے قابل رسائی بنانا اور نوجوان نسل کو مالیاتی نظام میں شامل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔