ایف پی سی سی آئی کا سابق صدر میاں ادریس کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے پر اظہار تشویش اور مذمت

image

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی ایگزیکٹو کمیٹی نے سابق صدر میاں ادریس کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے اور آف لوڈ کرنے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی متفقہ قرارداد منظور کرلی ہے۔

معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ایف پی سی سی آئی نے سابق نائب صدر منظور الحق ملک کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کے دیگر ارکان میں زبیر طفیل، سینیٹر میاں محمد عتیق اور سینیٹر طلحہ محمود شامل ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اس موقع پر اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پوری کاروباری اور صنعتی برادری میاں محمد ادریس کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں ادریس نے دہائیوں تک ملک کی صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور برآمدات کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ سالوں پرانے پاور معاہدوں کی آڑ میں ان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (PNIL) میں ڈالنا اور انہیں سفر سے روکنا غیر ضروری سختی ہے، اور تجارتی رہنماؤں کو بلاجواز ہراساں کرنے و جبری اقدامات کا نشانہ بنانے سے کاروباری برادری کے وقار کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے اس قسم کے اقدامات کو نا قابلِ قبول قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ تمام ریاستی و انتظامی ادارے قانونی تقاضوں، انسانی وقار اور آئینی ضوابط کے دائرے میں رہ کر کام کریں۔ انہوں نے وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ اور وزیرِ خزانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری طور پر نوٹس لیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US