کمشنر کراچی کے دعوے دھرے رہ گئے، آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے

image

کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ہوگیا، شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کے مطابق کمشنر کراچی نے 9 جولائی کے بعد آٹے کے سرکاری نرخ اپڈیٹ نہیں کیے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے 10 کلو آٹے کا ہول سیل سرکاری نرخ 1250 روپے مقرر کیا گیا تھا، تاہم ہول سیل مارکیٹ میں یہی تھیلا 1450 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق 10 روز کے دوران 10 کلو آٹا 200 روپے مہنگا ہوا ہے۔

ریٹیل مارکیٹ میں ڈھائی نمبر آٹا 145 روپے، فائن آٹا 160 روپے جبکہ چکی کا آٹا 170 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔

ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق ڈیلرز کو فلور ملز سے آٹا ہی مہنگا مل رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی کے پاس قیمتیں کنٹرول کرنے کا واحد طریقہ جرمانہ رہ گیا ہے، ماضی میں دکانداروں پر 80 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جرمانے بھی کیے گئے، جس کے خلاف تاجروں نے احتجاجاً ہڑتال کی تھی۔

ذرائع کے مطابق 4 اگست کو چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت فلور ملز مالکان کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ ملز آٹا 133 روپے فی کلو میں فروخت کررہی ہیں، جبکہ جولائی میں 125 روپے فی کلو کے نرخ پر اتفاق ہوا تھا۔ دوسری جانب کمشنر کراچی نے اجلاس میں دعویٰ کیا تھا کہ شہر کی 92 فلور ملز 125 روپے فی کلو آٹا فروخت کررہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US