پشاور: بحرین سے لایا گیا اشتہاری ملزم فائرنگ تبادلے میں ہلاک، 2 حملہ آور بھی مارے گئے

image

پشاور میں ناردرن بائی پاس کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران بحرین سے لایا گیا اشتہاری ملزم ممتاز اور دو حملہ آور ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر دو ایس ایچ اوز بھی زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم ممتاز بھتہ خوری، قتل، قبضہ مافیا اور دہشت گردی کے 40 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پشاور پولیس کی درخواست پر بحرین پولیس نے اسے جون میں حراست میں لیا تھا، جسے بعدازاں انٹرپول کے ذریعے گزشتہ رات پشاور منتقل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ منتقلی کے دوران ناردرن بائی پاس پر نامعلوم ملزمان نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ مبینہ طور پر ملزم کے مخالفین نے کی، جس کے نتیجے میں زیرِ حراست ملزم ممتاز موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو حملہ آور بھی مارے گئے۔

زخمی ہونے والے دونوں پولیس افسران کو فوری علاج جبکہ ہلاک شدگان کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US