کراچی میں چوتھا پاکستان فن ٹیک فورم: 92 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل ہورہی ہیں، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

image

کراچی میں پاکستان فن ٹیک نیٹ ورک کے زیر اہتمام پاکستان فن ٹیک فورم کے چوتھے ایڈیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ’’مالیاتی مستقبل کی تعمیر، وسعت، اعتماد اور شمولیت‘‘ تھا۔ تقریب میں ریگولیٹرز، مالیاتی اداروں، فن ٹیک رہنماؤں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر محمد علی ملک نے کہا کہ فنانشل ٹیکنالوجی ملک میں مالی رسائی بڑھا رہی ہے اور اس وقت 92 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل ذریعے سے ہو رہی ہیں، جبکہ چھوٹے کاروبار ڈیجیٹل ادائیگیوں سے اپنا کیش فلو ڈیٹا جمع کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک انویسٹ پاک اور پرزم پلس سیٹلمنٹ کے ذریعے حکومتی تمسکات کو عام فرد تک لے گیا ہے، جبکہ صارفین کو صرف ڈیجیٹل ادائیگیوں تک محدود رکھنے کے بجائے بچت، انشورنس، سرمایہ کاری اور قرض کی سہولیات بھی فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

ڈپٹی گورنر کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے پھیلنے کے ساتھ سائبر رسک اور سوشل انجینئرنگ جیسے بڑے چیلنجز سامنے آ رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مالیاتی اداروں کو سائبر سیکیورٹی اور فراڈ مانیٹرنگ پر سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اعتماد سازی اور صارفین کے تحفظ کے بغیر ڈیجیٹل سہولیات کا وسیع استعمال ممکن نہیں، جبکہ مالیاتی انوویشن کے لیے بینکوں، فن ٹیک اور ٹیک کمپنیوں کی شراکت داری اور ریگولیٹر کے ساتھ مسلسل مکالمہ انتہائی ضروری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US