کراچی کی اہم تجارتی تنظیموں کا 3 ستمبر کو جماعت اسلامی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان

image

پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسز اور لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے 3 ستمبر کو دی جانے والی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت میں کراچی کی اہم تاجر تنظیمیں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز سامنے آگئی ہیں۔

تجارتی رہنماؤں نے 3 ستمبر کو شہر بھر میں مکمل اور پرامن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر کا کہنا ہے کہ کل شہر میں مکمل اور پرامن شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھتے کے سوا کچھ نہیں ہے۔

الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن اور کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن (کیڈا) کے صدر رضوان عرفان نے ہڑتال میں شمولیت کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کی بات کرتی ہے۔

کراچی موبائل ڈیلرز ایسوسی ایشن (کمیڈا) کے صدر منہاج گلفام نے بھی ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

الائنس آف مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر فہیم نوری نے بتایا کہ الائنس سے منسلک 43 مارکیٹوں کے سربراہوں نے ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت کلفٹن سے صدر تک تمام مارکیٹیں اور مالز بند رہیں گے۔

بولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر شریف میمن کے مطابق کل بولٹن مارکیٹ اور اطراف کے تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل پر بھاری ٹیکسز نے عوام اور تاجروں کی کمر توڑ دی ہے۔

علاوہ ازیں، آل سٹی تاجر اتحاد اور آل آئرن اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن نے بھی 3 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا کے مطابق ان دونوں تنظیموں سے منسلک تمام مارکیٹیں کل مکمل طور پر بند رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US