اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے افغانستان پر مبنی ایک سرگرم گروہ کو بے نقاب کردیا ہے۔
اس کارروائی کے دوران کراچی پورٹ پر ایک کنٹینر سے 200 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ گروہ کے افغان سرغنہ احسان اللہ اور اس کے مقامی سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا۔
دورانِ تفتیش افغان سرغنہ سے کولمبو بھیجی گئی منشیات سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئیں۔ اے این ایف نے یہ قابلِ عمل انٹیلیجنس فوراً سری لنکن حکام اور امریکی ادارے ڈی ای اے (DEA) کے ساتھ شیئر کی۔ موصول شدہ معلومات کی بنیاد پر کولمبو پورٹ پر کی گئی مشترکہ کارروائی میں تولیوں میں چھپائی گئی مزید 471 کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی۔
ان دونوں کارروائیوں کے نتیجے میں کراچی اور کولمبو پورٹس سے افغان نیٹ ورک سے منسلک مجموعی طور پر 671 کلوگرام آئس ضبط کی جاچکی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق پاکستان افغان ساختہ منشیات سے شدید متاثرہ ریاست ہے۔ اس کامیاب کارروائی پر سری لنکن حکام اور امریکی ڈی ای اے نے اے این ایف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر عالمی تعاون کو باضابطہ طور پر سراہا ہے، جو بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے خلاف ادارے کی بہترین انٹیلیجنس صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔