معاشی استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی جانب پیش رفت، نجی شعبے کو قیادت دینے کا عزم

image

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے مشکل فیصلوں کے نتیجے میں معاشی استحکام حاصل ہوا ہے اور پاکستان کو دوبارہ عروج و زوال کے معاشی چکر میں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھنا ہے اور اس کے لیے بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے معاشی اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایف بی آر کی آمدن میں گزشتہ برسوں کے دوران 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 8.8 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد ہو گیا ہے، جبکہ قلیل مدت میں اسے 11 سے 12 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجموعی خسارہ 12.5 فیصد سے کم ہو کر 2.6 فیصد رہ گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ مالی سال آئی ٹی سروسز کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر رہیں جن میں فری لانسرز کا حصہ 1.6 ارب ڈالر تھا، جبکہ اشیا کی برآمدات تقریباً 30 ارب ڈالر پر برقرار رہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کو ملک کی معاشی قیادت کا کردار ادا کرنے کے قابل بنانا اور اس کے سرمائے کو متحرک کرنا انتہائی اہم ہے۔ پبلک پرائیویٹ شراکت داری اور نجکاری کے ذریعے بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کے منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نجکاری کے عمل میں شفافیت، کارکردگی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ترجیح دی جائے گی اور اس سلسلے میں توانائی، سرکاری اداروں، ٹیکس اور نجکاری کے شعبوں میں اصلاحات کا کام جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US