ڈیفنس میں نوجوان پر بدترین تشدد، 2 ملزمان گرفتار

image

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں نوجوان علی جعفری پر تشدد کے واقعے میں ساحل پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا اور اغوا، تشدد اور دھمکانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

متاثرہ نوجوان کے مطابق اسے ڈیفنس فیز 6 کے بخاری کمرشل سے اغوا کرکے فیز 8 لے جایا گیا، جہاں اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اہلخانہ کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی گئیں۔وائرل ویڈیو میں نوجوان کے بال کاٹ کر اسے ہی کھلانے اور تضحیک آمیز رویہ اختیار کرنے کے مناظر دکھائی دیتے ہیں۔

پولیس کے مطابق مرکزی ملزم ابراہیم ملک اور ایک اور ملزم وقار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ متاثرہ نوجوان نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں علی جعفری نے کہا کہ پولیس نے تعاون کیا، اب صرف انصاف کا انتظار ہے اور جس نے غلط کیا اسے سزا ملنی چاہیے۔علی کے ٹیچر عبداللہ جمال نے کہا کہ نوجوان کو کئی دن ذہنی اذیت میں رکھا گیا اور اس کی ٹانگ و ہاتھ پر شدید زخم آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیسوں کی لین دین کا کوئی معاملہ نہیں تھا اور کسی نوجوان کو اغوا کرکے تشدد کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

وکیل طلحہ بلوچ کے مطابق مقدمے میں علی فیصل، ابراہیم ملک سمیت 5 افراد کو نامزد کیا گیا ہے اور اغوا، حراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

دوسری جانب مرکزی ملزم کے والد نے پولیس کو دستاویزات پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ 2024 میں ہی بیٹے کے روزانہ کے لڑائی جھگڑوں سے تنگ آکر اسے عاق کرچکے ہیں اور اب ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US