کراچی میں گھر پر ڈکیتی، میٹرک پوزیشن ہولڈر طالب علم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

image

کراچی میں منگھو پیر کے علاقے میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مبینہ طور پر پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے میٹرک پوزیشن ہولڈر 17 سالہ طالب علم جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ اجتماع گاہ کے قریب مہران سٹی بلاک 6 میں پیش آیا، جہاں مسلح ملزمان نے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

مقتول کے والد کے مطابق رات تقریباً 4 بجے چھ نقاب پوش ملزمان گھر کے باہر پہنچے جن میں دو نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔ والد نے بتایا کہ ملزمان کو دیکھ کر انہوں نے اپنا لائسنس یافتہ پستول نکالا، تاہم اسی دوران ان کا بیٹا روشم کمرے سے باہر آگیا۔ ملزمان نے اسے دیکھتے ہی فائرنگ کردی، جس سے ایک گولی اس کے سینے میں لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

والد کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے قبل علاقے کے چار گھروں میں بھی وارداتیں کر چکے تھے جبکہ گزشتہ کئی ماہ سے پولیس کی وردی میں جرائم پیشہ افراد کی وارداتوں کی شکایات سامنے آ رہی تھیں۔ ان کے مطابق علاقہ مکینوں نے دو ماہ قبل منگھو پیر تھانے میں تین درخواستیں بھی جمع کرائیں مگر مؤثر کارروائی نہ ہوسکی۔

روشم آٹھ بہنوں اور دو بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور حال ہی میں میٹرک میں نمایاں پوزیشن حاصل کی تھی۔ والد نے بیٹے کی موت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری تک وہ تدفین نہیں کریں گے اور کراچی میں مختلف مقامات پر پرامن احتجاج کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US