میر رضا کا آئی فون پنجاب فرانزک لیب بھی نہ کھول سکی

image

میر رضا کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے نہ آسکی، ایپل واچ اور آئی فون سے اہم شواہد ملنے کی امید بھی دم توڑ گئی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری میر رضا کا آئی فون کھولنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ لیبارٹری نے اس حوالے سے میر رضا کیس کے لیے بنائی گئی تحقیقاتی ٹیم کو باقاعدہ تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کی ایپل واچ سے چند اسکرین شاٹس اور پیغامات ضرور ملے، تاہم یہ مواد تفتیش کے لیے اہم یا فیصلہ کن ثابت نہیں ہوا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق پنجاب فارنزک لیبارٹری کی جانب سے جواب ملنے کے بعد میر رضا کی ایپل واچ اور آئی فون تحقیقاتی ٹیم کو واپس بھیجے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں گیجٹس اس سے قبل 13 اگست کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو بھجوائے گئے تھے، تاہم میر رضا کے اہلخانہ کی جانب سے این سی سی آئی اے پر تحفظات کا اظہار کیے جانے کے بعد 15 اگست کو تحقیقاتی ٹیم نے موبائل فون اور ایپل واچ واپس منگوا لیے تھے۔

بعد ازاں تحقیقاتی ٹیم نے دونوں ڈیوائسز کو مزید فرانزک جانچ کے لیے پنجاب فارنزک لیبارٹری بھجوایا تھا، جہاں آئی فون کھولنے اور اس سے ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔

تاہم لیبارٹری کی جانب سے تحقیقاتی ٹیم کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آئی فون کھولا نہیں جاسکا، جبکہ ایپل واچ سے حاصل ہونے والا دستیاب ڈیٹا بھی تفتیش کے لیے کوئی اہم ثبوت فراہم نہیں کرسکا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US