سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور عسکری بینک کے مابین اے پی آئی انٹیگریشن کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت عسکری بینک اپنے نظام کو ایس ای سی پی کی کارپوریٹ رجسٹری سے جوڑنے والا پہلا تجارتی بینک بن گیا ہے۔
اس معاہدے پر ایس ای سی پی کے کمشنر مظفر مرزا اور عسکری بینک کے گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ شیخ راشد رؤف نے دستخط کیے، جبکہ تقریب میں چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو، کمشنرز، صدر و سی ای او عسکری بینک ضیاء اعجاز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس نئے ڈیجیٹل نظام کی بدولت بینک کو ایس ای سی پی سے براہِ راست مصدقہ کارپوریٹ معلومات حاصل ہوں گی، جس سے دستی تصدیق، کاغذی کارروائی اور آن بورڈنگ کا وقت کافی حد تک کم ہوجائے گا۔
اس سہولت کے بعد نئی کمپنیاں رجسٹریشن کے فوراً بعد آسانی سے بینک اکاؤنٹ کھول کر اپنی تجارتی سرگرمیاں شروع کرسکیں گی۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کے مطابق یہ اقدام ادارے کی ڈیجیٹائزیشن اور 'بی ریڈی' اصلاحات کا اہم حصہ ہے، جبکہ ایس ای سی پی نے تمام دیگر بینکوں اور مالیاتی اداروں تک بھی ایسے ڈیجیٹل روابط کو وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔