انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف دائرہ تنگ کرتے ہوئے 5 کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ان آپریشنز میں 48 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 42.282 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔
پشاور ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 320 گرام چرس برآمد کر کے اسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے ایک دوسرے مسافر کے بیگ سے 6.762 کلوگرام وزنی 48 ہزار 298 عدد زینیکس گولیاں برآمد ہوئیں۔
دیگر کارروائیوں میں فیصل آباد کے علاقے چک نمبر 222 کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مار کر 28.8 کلوگرام چرس، 2.4 کلوگرام افیون اور 10,075 روپے کی رقم برآمد کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح ملتان میں شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب ایک کارروائی میں گرفتار ملزم کے قبضہ سے 400 گرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں واقع ایک کورئیر آفس سے بھیجے جانے والے پارسل سے 3.6 کلوگرام چرس تحویل میں لے لی گئی۔
اے این ایف نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔