برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان

image

برطانوی ادارے برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (بی آئی آئی) نے پاکستان میں نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری اور فنانسنگ میں اضافے کا اعلان کردیا۔

بی آئی آئی کے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، نجی شعبے کی فنانسنگ اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران بی آئی آئی وفد نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے اہم منزل قرار دیتے ہوئے آئندہ برسوں میں ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفد کے مطابق ایشیا اور افریقہ میں آئندہ پانچ برس کے دوران 2 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان میں انفراسٹرکچر اور کلائمیٹ فنانس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ قابلِ تجدید توانائی اور بجلی کی ترسیل کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) اور زرعی شعبے کے لیے فنانسنگ بڑھانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ پرائیویٹ ایکویٹی اور پرائیویٹ کریڈٹ کے فروغ سمیت سرمایہ کاری کے لیے نئے کیپٹل مارکیٹ آلات متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق موجودہ رئیل اسٹیٹ اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US