تیل قیمتیں ناقابلِ برداشت، پیٹرولیم لیوی میں 60 روپے فی لیٹر کمی کی جائے، پاکستان بزنس فورم

image

پاکستان بزنس فورم نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو عوام اور کاروباری برادری کے لیے ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے وزیراعظم سے پیٹرولیم لیوی میں 60 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان بزنس فورم کے چیف آرگنائزر احمد جواد نے اپنے بیان میں کہا کہ ہر معاشی بوجھ عوام اور کاروباری طبقے پر منتقل نہیں کیا جا سکتا، حکومت کی معاشی ٹیم کو صرف ریونیو بڑھانے کی سوچ سے نکل کر عوام اور کاروباری برادری کو ریلیف دینے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔

احمد جواد کے مطابق گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 114 روپے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ معیشت سست روی کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ پہلے ہی مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ حکومت کا ٹیکس ریونیو ہر سال بڑھ رہا ہے لیکن اس کے باوجود معیشت مطلوبہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ رہی، اس کا مطلب ہے کہ معاشی پالیسی میں کہیں نہ کہیں خرابی موجود ہے۔

چیف آرگنائزر پاکستان بزنس فورم نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1568 ارب روپے جمع کیے، اس لیے معمولی نوعیت کے حکومتی اخراجات میں کمی کرکے پٹرولیم لیوی کم کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی میں فوری طور پر 60 روپے فی لیٹر کمی کرکے عوام اور کاروباری برادری کو ریلیف دیا جائے۔

احمد جواد نے مزید مطالبہ کیا کہ حکومت نومبر سے قبل گندم کی سپورٹ پرائس کا اعلان کرے تاکہ کاشتکاروں کو آئندہ فصل کے حوالے سے بروقت فیصلہ کرنے میں مدد مل سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US