راولپنڈی کے علاقے پیر مہر علی شاہ ٹاؤن میں 4 مسلح ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہوکر مالکن کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنالیا۔
اس دوران چکوال سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ ملازم محمد علی نے مزاحمت کی تو ملزمان نے اسے واش روم میں لے جا کر گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور 10 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقد رقم اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔
واردات کے بعد چکری روڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی ڈاکو سمیت تمام ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ نکلے۔
واقعے کا مقدمہ گھر کی مالکن کی مدعیت میں تھانہ دھمیال میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔