سندھ ہائی کورٹ نے یونٹی فوڈز میں مبینہ 44 ارب روپے کی کارپوریٹ بے ضابطگیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق کیس میں بڑا حکم جاری کرتے ہوئے بنیادی ملزم فرخ امین گوڈیل کی حفاظتی ضمانت منسوخ کردی ہے۔
عدالت نے فرخ امین کو حراست سے آزاد کرنے کا مجسٹریٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو انہیں تفتیش اور پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لینے کی اجازت دے دی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے مطابق یہ معاملہ پاکستان میں مستقبل کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو متاثر کر سکتا ہے، جس پر ایس ای سی پی کی درخواست پر کارروائی اور ایف آئی اے کی جانب سے فوجداری تحقیقات جاری ہیں۔
عدالت نے فرخ امین گوڈیل کو 30 ستمبر کے لیے نوٹس جاری کردیا ہے، جبکہ فرخ امین گوڈیل، جلیس ایدھی، صفدر سجاد، عبدالمجید غازیانی اور عامر شہزاد سمیت یونٹی فوڈز کے پانچ عہدیداروں کے نام ای سی ایل میں شامل کردیے گئے ہیں۔