پاک فوج اور حکومتِ سندھ کے مشترکہ تعاون سے سندھ کے دور افتادہ علاقوں میں اعلیٰ و معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کیڈٹ کالج جیکب آباد کا افتتاح کردیا گیا ہے۔
کالج کا باضابطہ افتتاح چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور جی او سی پنوعاقل گیریژن نے ایک شاندار تقریب کے دوران کیا، جس میں پاک فوج کے افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور ممتاز تعلیمی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
2023 میں شروع ہونے والے اس منصوبے کا مقصد سندھ کی نوجوان نسل کو جدید تعلیم، کردار سازی اور بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ ادارے میں طلبہ کے لیے سائنسی و تکنیکی تقاضوں سے ہم آہنگ جدید کلاس رومز، کمپیوٹر لیبز اور دیگر بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
تعلیمی سیشن کا آغاز 15 ستمبر 2026 سے ہوگا، جس کے ابتدائی مرحلے میں چھٹی اور ساتویں کلاس کے 120 کیڈٹس کو داخلہ دیا جائے گا۔
کیڈٹ کالج جیکب آباد کا قیام خطے کے نوجوانوں کی تعلیمی اور عملی ترقی کے لیے ایک انتہائی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔