سرجانی ٹاؤن میں ماں اور 3 بچے قتل، شوہر زیر حراست

image

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گھر کے اندر ماں اور اس کے تین بچوں کو قتل کردیا گیا جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والی 18 ماہ کی بچی بھی دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولہ مہوش اور بچوں کو ڈنڈے یا کسی آلے کے وار سے قتل کیا گیا۔ جاں بحق بچوں میں 6 سالہ حرا اور 5 سالہ حنین شامل ہیں، جبکہ 18 ماہ کی اشمیرہ کو زخمی حالت میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ بھی جانبر نہ ہوسکی۔

پولیس نے مقتولہ کے شوہر دانش کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایس ایچ او سرجانی کے مطابق گھر سے تاحال آلہ قتل نہیں ملا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق دانش نے گھر پہنچ کر چابی سے گیٹ کھولا تو اندر لاشیں موجود تھیں۔ پولیس نے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کرنا شروع کردی ہیں۔

مقتولہ کے بھائی امجد نے کہا کہ خاندان کی کسی سے دشمنی نہیں دانش اچھا انسان ہے اور میاں بیوی کے درمیان بھی کبھی جھگڑا نہیں ہوا تاہم اہلخانہ نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

مقتولہ کی ساس اور بھابھی نے بھی میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کے اختلاف یا لڑائی جھگڑے کی تردید کرتے ہوئے شبہ ظاہر کیا کہ مہوش اور بچوں کو گھر میں گھس کر قتل کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US