پاکستان کی معروف ایگرو فوڈ کمپنی ایگرو پروسیسرز اینڈ ایٹموسفیرک گیسز لمیٹڈ (سویا سپریم) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹ ہوگئی ہے۔
اس موقع پر پی ایس ایکس کراچی میں رواں سال کی 12 ویں کمپنی کی لسٹنگ پر روایتی گانگ بجانے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو احمد عزیز غلام، پی ایس ایکس کے ڈائریکٹر احمد چنائے، اعلیٰ حکام، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
کمپنی نے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے 5 کروڑ 80 لاکھ 50 ہزار عام حصص پیش کر کے تقریباً دو ارب روپے کا سرمایہ حاصل کیا ہے، جو کہ آئی پی او کے بعد کمپنی کے کل ادا شدہ سرمائے کا 15 فیصد بنتے ہیں۔ ان حصص کی قیمت 33 روپے فی حصص مقرر کی گئی۔ کمپنی اس حاصل شدہ رقم کو اپنی مصنوعات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور خلیجی ممالک سمیت عالمی مارکیٹس میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے استعمال کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگرو پروسیسرز سویا سپریم کے چیف ایگزیکٹو احمد عزیز غلام نے کہا کہ 40 سال سے قائم اس مضبوط ادارے کا بنیادی مقصد پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے خلیجی ممالک میں مصنوعات کی فراہمی کے لیے جاری رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان میں کاروبار کے حوالے سے مثبت سوچ اپنانے کی ضرورت ہے اور انہیں اپنے ملک، کمپنی اور ٹیم پر مکمل اعتماد ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر احمد چنائے نے سویا سپریم کی لسٹنگ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایگرو پروسیسرز نے فہرست سازی کے لیے بہترین وقت کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی کل تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ صرف اگست کے مہینے میں 24 ہزار 788 نئے اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان اور بیرون ملک سے نئے سرمایہ کار آئی پی اوز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، جبکہ خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے "شی انویسٹ" کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔