این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی: شاہراہِ فیصل سے بین الاقوامی فراڈ گینگ کے 27 کارندے گرفتار

image

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی میں شاہراہِ فیصل پر واقع بزنس ایوینیو میں بین الاقوامی فراڈ میں ملوث ایک غیر قانونی کال سینٹر پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 27 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

گرفتار افراد میں کال سینٹر کے تین مالکان علی صدیقی عرف میڈی، فواد احمد اور فاروق کے علاوہ 4 افغان باشندے، ایجنٹس اور آپریشنل اسٹاف شامل ہیں، جو عرصہ دراز سے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث تھے۔ تمام 27 نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

ابتدائی تحقیقات اور این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان خود کو امریکی بینکوں اور ڈیٹ سیٹلمنٹ اداروں کا مجاز نمائندہ ظاہر کر کے جعلی اور اسپوف کالز کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بناتے تھے۔ ملزمان کے پاس غیر ملکی شہریوں کے سوشل سیکیورٹی نمبرز، موبائل نمبرز، تاریخِ پیدائش، بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈز سمیت انتہائی حساس مالی معلومات موجود تھیں، جو بعد میں کال سینٹر انتظامیہ کو منتقل کی جاتی تھیں۔ ملزمان تیار شدہ اسکرپٹس کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کو غیر قانونی مالی منتقلی پر آمادہ کرتے تھے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں 15 ستمبر کو سیزر میمو کے تحت تحویل میں لے کر فرانزک اور تکنیکی معائنے کے لیے ارسال کردیا گیا ہے۔ تکنیکی جانچ میں اسپوفنگ ڈائلرز اور فراڈ کالنگ کے واضح شواہد ملے ہیں۔ این سی سی آئی اے نے ملزمان کے مبینہ مالیاتی نیٹ ورک، منی ٹریل اور نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US