پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا سستا پیٹرول بیچنے سے انکار، طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار

image

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے رہنماؤں نے کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ حکومت کی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت سستا پیٹرول فراہم نہیں کریں گے، اور اگر حکومت نے اس سلسلے میں سختی کی تو پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔

پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین طارق حسن اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی پیٹرول ریلیف اسکیم بنیادی طور پر تو اچھی ہے، لیکن اس کے طریقہ کار پر شدید تحفظات ہیں۔

ترجمان پی پی ڈی اے کے مطابق حکومت نے ریلیف اسکیم مرتب کرتے وقت ڈیلرز ایسوسی ایشن کو بالکل اعتماد میں نہیں لیا اور اسکیم کی تیاری میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈیلرز کو یہ تک معلوم نہیں کہ سستا پیٹرول بیچنے کے بعد رقم کی ادائیگی (پیمنٹ) کس طریقہ کار سے ہوگی اور مالی معاملات و عمل درآمد کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر اسکیم کے تحت ڈیلرز کی اربوں روپے کی رقم طویل عرصے کے لیے پھنس گئی تو اس مالی نقصان کا ازالہ کون کرے گا؟

پی پی ڈی اے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس طریقہ کار پر فوری نظرثانی کرے اور واضح پالیسی جاری کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ عوام کو سستا پیٹرول فراہم کرنے کے بجائے براہِ راست اور آسان طریقے سے مالی ریلیف دیا جائے، تاکہ ڈیلرز کا کاروبار متاثر نہ ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US