پاکستان کو پائیدار مالیاتی شعبے میں عالمی اعزاز: 'پاینیر سسٹین ایبل سوویرن پانڈا بانڈ' ایوارڈ سے نواز دیا گیا

image

پاکستان نے پائیدار مالیاتی شعبے میں ایک اور اہم عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان کو 2026 اے پی اے سی کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں پاینیر سسٹین ایبل سوویرن پانڈا بانڈ اجراء کنندہ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

پاکستان نے ایک ارب 75 کروڑ چینی یوآن مالیت کا سسٹین ایبل پانڈا بانڈ جاری کیا تھا، جسے بین الاقوامی سطح پر پائیدار مالیاتی اقدامات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

تین سالہ مدت کے اس بانڈ پر 2.5 فیصد شرح سود مقرر کی گئی تھی جبکہ اس کے اجرا میں سرمایہ کاروں کی جانب سے پانچ گنا سے زائد طلب موصول ہوئی۔ بانڈ کے ذریعے پاکستان کے لیے عالمی سرمائے کے ایک نئے ذریعے تک رسائی پیدا ہوئی اور حکومتی مالیاتی ذرائع میں تنوع لانے میں مدد ملی۔

اس اقدام سے پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی و اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہونے کی بھی توقع ہے، جبکہ پائیدار سرمایہ کاری اور موسمیاتی لچک کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کے لیے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کاری کے ذرائع میں تنوع اور پائیدار ترقی کے لیے مالی معاونت کے حوالے سے اہم سنگِ میل ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US