مومن آباد: سالے نے بہنوئی کو قتل کر دیا، فرار کے دوران عوام کا گھیراؤ، تشدد سے ملزم کا ماموں ہلاک

image

کراچی کے ضلع ویسٹ میں تھانہ مومن آباد کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 میں فائرنگ اور تشدد کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

جاں بحق افراد کی شناخت عباس علی ولد عبدالعزیز اور بخت علی ولد قربان علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس نے اطلاع ملتے ہی بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث مرکزی ملزم عبدالرحیم ولد غلام قادر کو اس کے ساتھی بخت علی ولد محمد صالح سمیت گرفتار کرلیا ہے، جبکہ ملزمان کے قبضہ سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم عبدالرحیم نے بتایا کہ اس نے اپنے ماموں اور ایک ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کرکے اپنے بہنوئی عباس علی کو ذاتی تنازع پر قتل کیا۔ واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے ان کی موٹر سائیکل خراب ہوگئی، جس پر وہاں موجود عوام نے ان کا گھیراؤ کرلیا اور عوام کے شدید تشدد کے نتیجے میں ملزم کا ماموں موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کو تھانے منتقل کرکے ان کے خلاف قانونی اور ضابطے کی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US