سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور تین بچوں کے قتل کا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق سیکٹر 7-D میں 14 ستمبر کو 34 سالہ مہوش اور اس کے تین بچوں کو سر پر راڈ کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد ہمایوں مقتولہ کا نندوئی ہے جس نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ واقعے کے روز وہ ملاقات کے بہانے دانش کے گھر اس وقت گیا جب مقتولہ کا شوہر دانش گھر پر موجود نہیں تھا اور خاتون سے زبردستی کی کوشش کی تاہم مزاحمت کا سامنا ہونے پر گھر میں موجود راڈ سے وار کرکے پہلے خاتون مہوش اور بعد ازاں 2 سالہ اشمیرہ کو قتل کردیا۔
ملزم نے بتایا کہ آلہ قتل سمیت گھر سے نکلنے کے لیے دروازہ کھولا تو اسی دوران دونوں بچے مدرسے سے واپس آگئے اور انہیں بھی اسی راڈ سے وار کرکے قتل کردیا اور آلہ قتل اپنے ہمراہ لے کر فرار ہوگیا تھا اور واقعہ کے چند گھنٹوں بعد حالات دیکھنے کے لیے دوبارہ اسی علاقے میں بھی آیا تھا۔ فرار ہونے کے بعد ملزم نے آلہ قتل راستے میں ہی ندی میں پھینک دیا تھا ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل برآمد کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔
ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ واقعے سے ایک روز قبل بھی وہ رات کے وقت مقتولہ کے گھر گیا تھا تاہم مقتولہ کے شوہر نے دروازے سے یہ کہہ کر اسے واپس کردیا تھا کہ اس وقت گھر میں سب سو رہے ہیں۔
گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کیا جارہا ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں، ملزم کے محرکات اور دیگر ممکنہ شواہد کو مزید واضح کیا جاسکے۔