آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں پکڑی گئی گاڑیوں اور کنٹینرز کو فوری ریلیز کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ویڈیو بیان میں ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس نے ہمارے تقریباً 700 گاڑیوں اور کنٹینرز کو جبری طور پر تحویل میں لیا ہے جن میں لاکھوں، کروڑوں روپے مالیت کا سامان موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹینرز میں کھانے پینے کی اشیا سمیت مختلف صنعتوں کا اہم سامان موجود ہے جس کے خراب ہونے کا خدشہ ہے اور گاڑیوں کے نقصان کے ساتھ کروڑوں روپے کا مالی نقصان بھی ہوسکتا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ پکڑے گئے کنٹینرز اور گاڑیوں کو فوری طور پر ریلیز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گاڑیاں اور کنٹینرز جلد نہ چھوڑے گئے تو بہت جلد سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔