پیٹرول ریلیف اسکیم پر ڈیڈلاک ختم: ڈیلرز کی ادائیگیوں کے لیے مالی مکینزم پر اتفاق

image

اسلام آباد میں حکومت اور پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں سستے فیول کی فراہمی کی اسکیم پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

اہم اجلاس کے دوران پیٹرول ریلیف اسکیم کے مالی مکینزم اور ادائیگیوں پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے مکمل اتفاق کر لیا ہے اور فیول ریلیف پیکج پر جاری ڈیڈلاک ختم ہوگیا ہے۔

طے پانے والے معاملات کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان اس مالیاتی عمل کا ضامن ہو گا اور ڈیلرز کو تمام ادائیگیاں دو دن کے اندر ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کردی جائیں گی۔ حکومت کی جانب سے ادائیگیوں کے اس باقاعدہ طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔ مذاکرات کے اس مثبت نتیجے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے ریلیف پیکج پر فوری عملدرآمد شروع کردیا ہے۔

اجلاس میں وزیر پیٹرولیم نے آئندہ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس اہم بیٹھک میں پی پی ڈی اے کی مرکزی قیادت، بشمول ملک خدا بخش، طارق حسن، انور کمال اور ملک شیر خان نے شرکت کی، جبکہ سندھ کے صدر امیر خان زوم کے ذریعے اور پنجاب کے وائس چیئرمین راجہ وسیم بھی اجلاس میں موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US