اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے مالیت کے بینک نوٹ کی مبینہ بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کی واضح طور پر تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے تمام اطلاعات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے جو اس وقت وفاقی کابینہ میں زیرِ غور ہے۔ اس معاملے پر ابھی غور جاری ہے اور کسی بھی مالیت کے کرنسی نوٹ کو تبدیل کرنے یا بند کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ ہونے کی صورت میں عوام کو آفیشل ذرائع سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا، اور اگر کوئی بینک نوٹ بند کیا جاتا ہے تو اسے تبدیل کرانے کے لیے مناسب وقت بھی فراہم کیا جائے گا۔ عوام الناس کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس حوالے سے صرف اور صرف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ آفیشل اطلاعات پر ہی اعتماد کریں۔