کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کو قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ فائرنگ سے ایک پولیس افسر زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزم محمد ہمایوں خان کو آلہ قتل سریا کی نشاندہی اور برآمدگی کے لیے پولیس حراست میں موقع پر لے جایا گیا تھا۔ پولیس اہلکار سریا تلاش کررہے تھے کہ ملزم نے ایک اہلکار کا پستول چھین لیا اور فرار ہوتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی نعمان شیخ زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم موقع پر ہلاک ہوگیا۔ ملزم سے چھینا گیا پستول برآمد کرلیا گیا جبکہ اس کی نشاندہی پر آلہ قتل سریا بھی برآمد کرلیا گیا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔