اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف ملک گیر سطح پر بیک وقت 11 انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر سب سے پہلے نیٹ ورک کے مرکزی سرغنہ کو پشاور سے گرفتار کیا گیا، جس کی نشاندہی پر کہوٹہ، راولپنڈی، لاہور، حیدرآباد، سرگودھا اور رحیم یار خان میں نجی کوریئر کمپنیوں کے دفاتر سمیت مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
ان کارروائیوں کے دوران نجی کوریئر سروسز کے ذریعے الیکٹرانک مشینری، جیسے کہ سولر انورٹر کیسنگ، جوسر مشین، بیٹری چارجر اور ٹول باکس میں چھپائی گئی منشیات برآمد کی گئی۔
اے این ایف نے مجموعی طور پر 47 کلو 600 گرام چرس اور 7 کلو 200 گرام افیون تحویل میں لے لی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔