ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے ممکنہ بحران کے خدشے کے پیش نظر آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے وزیر پیٹرولیم اور چیئرمین اوگرا کو ہنگامی خط لکھ دیا۔
او سی اے سی کے مطابق رقم کی قلت کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی خریداری متاثر ہو رہی ہے جبکہ ملک میں پیٹرول کا 18 اور ڈیزل کا 27 روز کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت پر آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے 66 ارب 70 کروڑ روپے واجب الادا ہیں جن میں بڑی رقم پرائس ڈیفرینشل کلیمز اور مارجن کی مد میں پھنسی ہوئی ہے۔
او سی اے سی کے مطابق حکومت کی جانب واجب الادا رقم تقریباً پانچ پیٹرول کارگوز کے برابر ہے، جس کے باعث تیل کی درآمد کے لیے دستیاب سرمایہ کم ہوتا جا رہا ہے۔
کونسل نے اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ کلیمز کی رقم فوری جاری کی جائے۔ او سی اے سی کے جنرل سیکریٹری کے مطابق ادائیگیوں کے لیے 15 روز کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم 6 ماہ گزرنے کے باوجود ادائیگی نہیں ہوسکی۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ ڈیلرز کا مارجن بڑھایا گیا ہے، تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیز کا 1.22 روپے فی لیٹر مارجن تاحال نہیں بڑھایا گیا۔