وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں مارچ، ہڑتالوں اور دھرنوں کی باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں، ایسے اقدامات سے معاشی ترقی کا سفر متاثر ہوسکتا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق احتجاج اور دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو روزانہ تقریباً 120 ارب روپے کا نقصان ہوسکتا ہے، اس لیے موجودہ صورتحال میں ایسے اقدامات ملک کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بڑی مشکل سے معاشی استحکام حاصل کیا ہے اور اب ملک کا سفر معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی جانب جاری ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دھرنے اور احتجاج معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں اور اس طرح کے اقدامات اپنے ہی ملک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوں گے۔ انہوں نے معاشی ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے استحکام اور تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔