نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ایجنسی نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر E-11 اور G-10 میں قائم 3 غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپے مار کر مجموعی طور پر 212 افراد کو تحویل میں لے لیا ہے۔ تحویل میں لیے گئے افراد میں چینی اور پاکستانی مرد و خواتین شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 306 موبائل فونز، 383 کمپیوٹرز و سی پی یوز، اور 299 مانیٹرز و لیپ ٹاپ برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان گوگل فراڈ اور لو ڈیٹنگ سکیم کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر مالی فراڈ میں ملوث تھے، جبکہ اس نیٹ ورک کے تار بھارت اور برازیل سے جڑے ہوئے نکلے ہیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔