پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تین روز سے جاری تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور اتار چڑھاؤ کے بعد کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا۔
آج کاروبار کا آغاز 186 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا تھا اور ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں 258 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، تاہم شدید فروخت کے دباؤ کے باعث 1814 پوائنٹس کی بڑی مندی بھی ریکارڈ کی گئی۔
بروکرز کے مطابق 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے سائیڈ لائن اختیار کرلی۔ اس کے علاوہ ایران اور امریکا کے مابین بات چیت میں مثبت پیش رفت نہ ہونے اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کے منفی اثرات بھی اسٹاک مارکیٹ پر مرتب ہوئے۔
کاروباری سیشن کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس 1,72,000 اور 1,71,000 پوائنٹس کی دو اہم حدیں گنوا بیٹھا۔ دن کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈریڈ انڈیکس 1733 پوائنٹس کی بڑی کمی کے ساتھ 170,499 پوائنٹس پر بند ہوا۔