نوکری کا جھانسہ، 54 لڑکیوں کے موبائل لوٹ لیے گئے

image

شہرِ قائد میں روزگار کے حصول کے لیے معصوم اور ضرورت مند خواتین کے ساتھ دھوکہ دہی کا ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نوکری کا فریب دے کر 54 لڑکیوں کو گڈاپ کے ایک فارم ہاؤس لے جایا گیا اور وہاں ان کے قیمتی موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔

متاثرہ لڑکیوں میں شامل ایک لڑکی نے انکشاف کیا کہ "موبائل فون پر ایک میسج آیا تھا کہ انٹرویو کی ایکٹیویٹی شروع ہونے والی ہے، جس کے بعد کال آئی اور بتایا گیا کہ انٹرویو ہوں گے اور 2 ہزار روپے یومیہ پر رکھا جائے گا۔ یہی نہیں بلکہ یہ بھی کہا گیا کہ وہیں انٹرویو کے بعد آپ لوگوں کو یونیفارم بھی دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان نے غریب اور پریشان حال لڑکیوں کو روزگار کا خواب دکھایا اور مختلف حیلوں بہانوں سے گڈاپ کے ایک فارم ہاؤس منتقل کیا۔ جہاں موقع ملتے ہی ملزمان ان کے 54 موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئے۔ واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں موبائل فون اور سامان لے کر فرار ہونے والے مرکزی ملزم کو فارم ہاؤس اور انٹرویو کے حوالے سے ہدایات دیتے اور گائیڈ کرتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے بروقت کارروائی کی۔ پولیس نے اس گھناؤنے فراڈ میں ملوث ایک مرکزی خاتون اور اس کے چند کارندوں کو حراست میں لے لیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس حراست میں موجود ایک ملزم نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے 3 ہزار روپے یومیہ دینے کے لیے کہا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث اور موبائل فونز لے کر روپوش ہونے والے اصل ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور وائرل ویڈیو کی مدد سے اس کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے تاکہ اسے جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ اس لرزہ خیز واقعے نے شہر میں نوکری کے نام پر ہونے والے فراڈ اور سیکیورٹی کے انتظامات پر ایک بار پھر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US