وزیر خزانہ کی آئی ایف سی حکام سے ملاقات، نجی سرمایہ کاری اور مالی سہولیات بڑھانے پر اتفاق

image

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور مالی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایف سی پاکستان کی پرنسپل کنٹری آفیسر ناز خان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

ملاقات میں کاروباری افراد، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، سستی رہائش اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے آئی ایف سی کی جاری اور ممکنہ معاونت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی و بین الاقوامی نجی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور مالی سہولیات تک رسائی بڑھانا ضروری ہے۔ بہتر معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کو نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار ترقی اور زیادہ سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔

آئی ایف سی حکام نے وزیر خزانہ کو کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے نئے فنڈ کے قیام پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سستی رہائش کے لیے تعمیراتی منصوبوں کی مالی معاونت، جبکہ زرعی شعبے میں ایگری کنیکٹ اقدام کے تحت تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔

اجلاس میں زرعی اجناس کے ذخیرے کی بہتر سہولیات، الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسیدوں کو ضمانت کے طور پر استعمال کرکے مالی سہولیات تک رسائی، پانی اور بجلی کے منصوبوں، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں جدید میٹرنگ نظام اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ چھوٹے و درمیانے کاروبار، زراعت اور ہاؤسنگ کے لیے طویل مدتی اور قابل استطاعت مالی سہولیات کی فراہمی سے نجی سرمایہ کاری، کاروباری توسیع اور پیداواری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

ملاقات میں نجی شعبے کی مالی معاونت، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں آئی ایف سی کا تعاون مزید مضبوط بنانے اور پاکستان میں ملکی و بین الاقوامی نجی سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US