کراچی: کم عمر لڑکی کے جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے خدشے پر دو بہنیں اور والدہ آف لوڈ

image

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کم عمر لڑکی کے مبینہ جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے خدشات پر متحدہ عرب امارات جانے والی دو بہنوں اور ان کی والدہ کو آف لوڈ کر کے تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) کے حوالے کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافروں مائرہ، علیشہ اور ان کی والدہ بینہ سے سفری مقصد اور انتظامات پر تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔ انٹرویو کے دوران مائرہ نے بتایا کہ اس کی عمر تقریباً 16 سے 17 سال ہے لیکن والدین نے پاسپورٹ اور شناختی دستاویزات میں عمر زیادہ ظاہر کی۔ اس نے الزام عائد کیا کہ اسے متحدہ عرب امارات کے کلبوں اور ہوٹلوں میں جنسی سرگرمیوں میں ملوث کیا گیا۔

ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران والدہ کے موبائل فون سے مبینہ ایجنٹ حارث کے ساتھ واٹس ایپ گفتگو سامنے آئی، جس میں ویزوں، ایئر ٹکٹس اور لڑکیوں کی آمدن ماہانہ 6 لاکھ روپے تک بڑھانے کے امور پر بات چیت پائی گئی۔ اس کے علاوہ موبائل سے 4 لاکھ روپے کی بینک ٹرانزیکشن کی رسید بھی ملی جو لڑکیوں کے والد مقصود علی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ایجنٹ، متعلقہ ٹریول ایجنسی، مالی لین دین اور ڈیجیٹل شواہد کے ساتھ ساتھ دیگر ممکنہ متاثرہ لڑکیوں اور والدین کے کردار کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ انسانی اسمگلنگ اور کم عمر افراد کے استحصال کی روک تھام کے لیے تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US