گلستانِ جوہر بلاک 14 میں مبینہ طور پر چوری کی ایک بڑی واردات پیش آئی ہے، جہاں گھر میں کام کے لیے آنے والی تین خواتین مالک کو نشہ آور چیز دے کر بے ہوش کرنے کے بعد تقریباً 30 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات لے کر فرار ہوگئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واردات میں ملوث ملازماؤں کی تلاش شروع کردی۔
متاثرہ خاندان کے مطابق یہ تینوں خواتین الگ الگ دنوں میں کام کے سلسلے میں گھر آئی تھیں، جن میں سے ایک خاتون پہلے دن، دوسری اگلے دن اور تیسری خاتون سب سے آخر میں آئی۔ واردات کے بعد متاثرہ خاندان نے ان خواتین کی تصاویر جاری کردی ہیں تاکہ ان کی شناخت میں مدد مل سکے۔
متاثرہ خاندان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی بھی شخص ان خواتین کو پہچانتا ہو یا ان کی شناخت اور موجودہ مقام کے بارے میں کوئی معلومات رکھتا ہو تو فوری طور پر آگاہ کرے تاکہ ملوث افراد کا سراغ لگایا جاسکے۔