معروف ٹی وی میزبان، صحافی اور سیاست دان اقرار الحسن کی مبینہ گرفتاری کے بعد ان کے اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات اقرار الحسن کو ان کی دوسری اہلیہ فرح اقرار کے گھر سے کچھ مرد اور خواتین اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد سے ان کے اہل خانہ ان کی خیریت اور موجودگی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اقرار الحسن کی پہلی اہلیہ قرۃ العین اقرار اپنے بیٹے پہلاج حسن کے ہمراہ تھانے کے باہر موجود دکھائی دیں، جہاں وہ اپنے شوہر کے بارے میں معلومات نہ ملنے پر آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ پولیس ان کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔
دوسری جانب اقرار الحسن کی تیسری اہلیہ عروسہ اقرار بھی اس صورتحال پر شدید غمزدہ نظر آئیں اور روتی رہیں جبکہ پہلاج حسن انہیں تسلی دیتے دکھائی دیے۔
اقرار الحسن کی تینوں اہلیہ قرۃ العین، فرح اور عروسہ اس واقعے کے بعد پریشان ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق انہیں متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا، جس کے باعث ان کی تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔
تاہم اقرار الحسن کو تحویل میں لیے جانے کی وجہ اور ان کے موجودہ مقام کے بارے میں سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔