"میاں بیوی کے درمیان اختلافات ہوں تو انہیں کبھی سوشل میڈیا پر نہیں لانا چاہیے۔ اپنے مسائل آپس میں بیٹھ کر حل کریں، اگر بات زیادہ بڑھ جائے تو گھر کے بڑوں کو شامل کرلیں تاکہ وہ صلح کروا سکیں۔ ذاتی معاملات کو پوری دنیا کے سامنے رکھنا بالکل غلط طریقہ ہے۔"
یہ بات معروف پاکستانی اداکار منیب بٹ نے حال ہی میں پروگرام گپ شپ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے شادی شدہ زندگی، باہمی تعلقات اور گھریلو مسائل کو سمجھداری سے حل کرنے کی اہمیت پر بات کی۔
منیب بٹ کا کہنا تھا کہ شوہر اور بیوی کے درمیان اختلافات ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں، لیکن ان مسائل کو عوامی بحث کا حصہ بنانے کے بجائے گھر کے اندر ہی سلجھانا بہتر ہے۔ ان کے مطابق اگر دونوں خود کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکیں تو خاندان کے سمجھدار بزرگوں کی مدد لی جاسکتی ہے۔
اداکار کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر بعض مشہور شخصیات اور انفلوئنسرز کے ازدواجی تنازعات کھل کر سامنے آتے رہتے ہیں اور ذاتی معاملات عوامی بحث کا موضوع بن جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ منیب بٹ نے 2018 میں معروف اداکارہ ایمن خان سے شادی کی تھی۔ دونوں کی تین بیٹیاں ہیں اور یہ جوڑا اکثر اپنی خوشگوار خاندانی زندگی کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتا رہتا ہے۔
منیب بٹ کی گفتگو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔ ایک صارف نے انہیں سمجھدار شخصیت قرار دیا، جبکہ دوسرے نے کہا کہ منیب ایک ذمہ دار فیملی مین ہیں۔ کئی افراد نے ان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ازدواجی معاملات کو عوام کے سامنے لانے کے بجائے باہمی بات چیت سے حل کرنا زیادہ مناسب ہے۔