بیٹے کی موت کے بعد 6 ماہ گھر سے نہیں نکلا، اہلیہ کا غم کم کرنے کے لیے خود کو بدل لیا، ببرک شاہ کا دردناک انکشاف

image

"میرے بیٹے کی موت سے جڑی کچھ ایسی باتیں ہیں جن پر آج بھی حیرت ہوتی ہے۔ جب میری اہلیہ چوتھی بار حاملہ تھیں تو وہ بہت زیادہ پانی پیتی تھیں اور برف کھاتی تھیں۔ عجیب اتفاق یہ ہے کہ میرا چوتھا بیٹا پانی میں ڈوب کر دنیا سے چلا گیا۔ اس کی پیدائش 21 رمضان کو ہوئی تھی، جس دن حضرت علیؓ کی شہادت کی یاد منائی جاتی ہے، جبکہ اس کی وفات بھی رمضان میں ہوئی۔ پہلے میں نے ان باتوں پر غور نہیں کیا، لیکن بیٹے کے جانے کے بعد ان واقعات کو آپس میں جوڑنے لگا۔"

"اپنے بچے کو قبر میں اتارنا کسی باپ کے لیے آسان نہیں ہوتا۔ عام طور پر اولاد اپنے والدین کو دفن کرتی ہے، لیکن مجھے اپنے بیٹے کو دفنانا پڑا۔ وہ بہت ذہین بچہ تھا۔ اس حادثے نے مجھے اندر سے توڑ دیا اور میں تقریباً 6 ماہ تک گھر سے باہر نہیں نکلا۔ میری اہلیہ رات کو کمرے میں اکیلی بیٹھ کر روتی تھیں۔ ان کا دکھ کم کرنے کے لیے میں نے گھر میں ہنسی مذاق شروع کیا تاکہ کچھ دیر کے لیے ان کا دھیان بٹ سکے۔ وقت کے ساتھ اللہ نے صبر دیا اور میں نے یہ حقیقت قبول کی کہ جو کچھ ہمارے پاس ہے، وہ اسی کی امانت ہے۔"

یہ جذباتی گفتگو معروف پاکستانی اداکار ببرک شاہ نے حال ہی میں فوشیا میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں کی، جہاں انہوں نے اپنے کمسن بیٹے کی اچانک موت اور اس کے بعد خاندان پر گزرنے والے مشکل وقت کے بارے میں بات کی۔

دسمبر 2022 میں ببرک شاہ کے سب سے چھوٹے بیٹے زاویار شاہ کا لاہور کی ایک رہائشی کالونی میں پانی میں ڈوبنے کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔ اس افسوس ناک حادثے نے اداکار اور ان کے اہل خانہ کی زندگی بدل کر رکھ دی۔

ببرک شاہ نے بتایا کہ بیٹے کی جدائی کے بعد وہ شدید صدمے میں چلے گئے تھے۔ ان کے لیے روزمرہ زندگی کی طرف واپس آنا بھی ایک بڑا امتحان تھا، جبکہ ان کی اہلیہ کے لیے اس نقصان کو برداشت کرنا مزید مشکل ثابت ہوا۔

اداکار کے مطابق ان کی شخصیت میں موجود مزاحیہ انداز کے پیچھے بھی ایک تکلیف دہ وجہ ہے۔ وہ گھر میں جان بوجھ کر دلچسپ حرکتیں کرتے اور ہنسی مذاق کا ماحول بناتے تھے تاکہ ان کی اہلیہ کچھ دیر کے لیے اپنے غم سے باہر آسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ایک چچا بھی اپنے جوان بیٹے کو کھو چکے تھے۔ مشکل وقت میں انہوں نے یہ کہہ کر حوصلہ دیا کہ بیٹا اللہ کی امانت تھا اور اللہ نے اپنی امانت واپس لے لی۔

ببرک شاہ کا کہنا تھا کہ زندگی میں ہر انسان کو کسی نہ کسی آزمائش کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ایسے حالات میں صبر ہی انسان کو دوبارہ سنبھلنے کی طاقت دیتا ہے۔

واضح رہے کہ ببرک شاہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کا ایک جانا پہچانا نام ہیں۔ وہ باغی، داستان، ترپ، روگ، سکوت، دو بوند اور پانی جیسا پیار سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کرچکے ہیں۔ فلموں میں بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ حال ہی میں رئیلٹی شو تماشا سیزن 5 کے فاتح بن کر ایک بار پھر ناظرین کی توجہ حاصل کی۔

اداکار کے مطابق زندگی کے اس بڑے نقصان نے انہیں بہت کچھ سکھایا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ انسان کتنی ہی مشکلات سے گزر جائے، صبر اور اللہ پر بھروسہ اسے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US