دنیا بھر میں اپنے منفرد رقص اور موسیقی سے پہچان بنانے والے آنجہانی امریکی گلوکار مائیکل جیکسن کی مشہور سرخ اور سیاہ جیکٹ ایک بار پھر نیلام ہونے جا رہی ہے۔ یہ وہی لباس ہے جو انہوں نے اپنے مقبول گانے ’تھرلر‘ کی ویڈیو میں پہنا تھا اور جو کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود ان کے انداز کی ایک نمایاں علامت سمجھا جاتا ہے۔
اس تاریخی جیکٹ کو دسمبر 2026 میں متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ نیلامی میں صرف یہ لباس ہی نہیں بلکہ مائیکل جیکسن کی زندگی اور موسیقی سے وابستہ 100 سے زیادہ قیمتی یادگار اشیا بھی شامل ہوں گی۔
جولینز آکشنز کے زیرِانتظام یہ خصوصی تقریب 7 سے 9 دسمبر تک ابوظبی کے روزوڈ ہوٹل میں منعقد ہوگی، جہاں دنیا بھر سے موسیقی کے شوقین افراد اور نایاب اشیا جمع کرنے والے خریداروں کی شرکت متوقع ہے۔
اس جیکٹ کی خاص بات یہ ہے کہ ’تھرلر‘ کی ویڈیو کے لیے صرف دو جیکٹیں تیار کی گئی تھیں۔ معروف کاسٹیوم ڈیزائنر ڈیبورا نڈولمین لینڈس نے انہیں ڈیزائن کیا تھا۔ ایک جیکٹ ویڈیو میں زومبی رقص کے مناظر کی شوٹنگ کے دوران استعمال ہونے سے متاثر ہوئی اور جیکسن خاندان کے پاس رہی، جبکہ دوسری اب دوبارہ خریداروں کے سامنے لائی جا رہی ہے۔
نیلام ہونے والی جیکٹ کی آستین پر خود مائیکل جیکسن کے دستخط بھی موجود ہیں۔ گلوکار نے یہ لباس اپنے دیرینہ ڈیزائنرز ڈینس ٹامپکنز اور مائیکل بش کو تحفے میں دیا تھا، جنہوں نے بعد میں اسے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔
جون 2011 میں بیورلی ہلز میں ہونے والی نیلامی کے دوران امریکی تاجر ملٹن ویرٹ نے اس جیکٹ کو 18 لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔ اس وقت یہ دنیا میں نیلامی کے ذریعے فروخت ہونے والی سب سے مہنگی جیکٹ بن گئی تھی اور اس کامیابی کو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی جگہ ملی۔
جیکٹ خریدنے والے تاجر کا ارادہ اسے مختلف شہروں میں نمائش کے لیے پیش کرنے اور بچوں کے اسپتالوں کی مدد کے لیے عطیات جمع کرنے کا تھا۔ اس کی سابقہ فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کا ایک حصہ جنگلی جانوروں کے تحفظ کے مرکز شمبالا پریزرو کو بھی دیا گیا تھا، جہاں مائیکل جیکسن کے بنگال ٹائیگرز رکھے گئے تھے۔
تقریباً 15 سال بعد اس یادگار لباس کی دوبارہ نیلامی موسیقی کی دنیا میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک اہم موقع سمجھی جا رہی ہے۔ جولینز آکشنز کے شریک بانی مارٹن نولان کے مطابق یہ جیکٹ ایسی تاریخی چیز ہے جس کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی کبھی ختم نہیں ہوئی۔
اس تقریب میں مائیکل جیکسن کا مشہور چمک دار دستانہ بھی خریداروں کے سامنے رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ دستانہ 1983 میں ٹیلی وژن پروگرام ’موٹاؤن 25‘ کے دوران گانے ’بلی جین‘ پر پرفارم کرتے ہوئے پہنا تھا۔ اسی پروگرام میں انہوں نے اپنا مشہور رقص ’مون واک‘ پیش کیا، جو بعد میں دنیا بھر میں ان کی شناخت بن گیا۔
یہ دستانہ اس سے پہلے 2009 میں 4 لاکھ 30 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ اب نیلامی کا انتظام کرنے والی کمپنی کو توقع ہے کہ اس مرتبہ اس کی قیمت 6 لاکھ سے 8 لاکھ ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
مائیکل جیکسن کے سیاہ رنگ کے جوتوں کے دو جوڑے بھی اس مجموعے کا حصہ ہیں۔ ایک جوڑا انہوں نے ’موٹاؤن 25‘ کی پرفارمنس میں استعمال کیا تھا، جبکہ دوسرا ’تھرلر‘ کی ویڈیو میں پہنا گیا تھا۔ ان جوتوں کے ساتھ گلوکار کا ایک دستخط شدہ خط بھی موجود ہے، جو انہوں نے کوریوگرافر مائیکل پیٹرز کے نام لکھا تھا۔
مائیکل جیکسن کو دنیا سے رخصت ہوئے کئی برس گزر چکے ہیں، لیکن ان کی موسیقی، رقص اور مخصوص انداز سے وابستہ اشیا آج بھی اہمیت رکھتی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ابوظبی میں ہونے والی نیلامی میں ان کی تاریخی جیکٹ 2011 میں قائم ہونے والا اپنا ہی ریکارڈ توڑ پاتی ہے یا نہیں۔