پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سکینہ خان نے شادی کرلی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آگئی ہیں۔
سکینہ خان پاکستانی شوبز انڈسٹری کا جانا پہچانا نام ہیں۔ وہ متعدد ٹی وی ڈراموں اور اشتہاری مہمات میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ انہوں نے مثبت اور منفی دونوں طرح کے کردار ادا کرکے ناظرین میں مقبولیت حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے گزشتہ برس مکہ مکرمہ میں رومان نامی شخص سے نکاح کے بعد عمرہ ادا کیا اور اپنی خوشی کے لمحات سوشل میڈیا پر شیئر کی تھے۔ انسٹاگرام پر نکاح کے موقع پر تقسیم کیے گئے چھواروں، آبِ زم زم اور دعائیہ کارڈ کی تصاویر بھی پوسٹ کی تھیں۔
اداکارہ نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز امریکا میں شادی کرکے کیا جس کی خوبصورت جھلکیاں انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
شادی کے موقع پر سکینہ خان نے روایتی سرخ عروسی لباس زیب تن کیا، جس میں وہ نہایت خوبصورت دکھائی دے رہی تھیں۔ اداکارہ نے اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر کے علاوہ شادی کی تقریب میں داخل ہونے کے لمحات بھی شیئر کیے۔
واضح رہے کہ سکینہ خان اس سے قبل 2021 میں بھی ایک رشتے میں منسلک ہوئی تھیں اور اس وقت انہوں نے اپنی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں تاہم بعد میں یہ رشتہ برقرار نہ رہ سکا۔
اب اداکارہ نے دوسری شادی کے ساتھ اپنی زندگی کے نئے باب کا آغاز کیا ہے اور اس خوشی کے موقع کی یادگار تصاویر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔