60 سال کی عمر میں بھی باپ بننے کی خواہش، سلمان خان نے شادی اور بچوں سے متعلق کیا کہا؟

image

میں نے ابھی تک باپ بننے کا خیال نہیں چھوڑا، آج بھی سوچتا ہوں کہ میری زندگی میں بچے ہوں۔ کرن جوہر جب آپ نے سروگیسی کے ذریعے والد بننے کا فیصلہ کیا تھا تو مجھے بہت خوشی ہوئی تھی۔ مجھے یقین ہے کہ ایک دن میری زندگی میں بھی بچے آئیں گے۔

یہ کہنا ہے بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کا، جنہوں نے اپنی شادی، تنہا زندگی اور مستقبل میں والد بننے کی خواہش سے متعلق دلچسپ گفتگو کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان 13 سال کے طویل وقفے کے بعد معروف ٹاک شو 'کافی ود کرن' میں شریک ہوئے جہاں ان کے ہمراہ اداکارہ کرشمہ کپور بھی موجود تھیں۔

شو کے میزبان کرن جوہر نے سلمان خان سے 60 سال کی عمر میں غیر شادی شدہ ہونے اور مستقبل میں بچوں کی پرورش کے حوالے سے سوال کیا، جس پر اداکار نے بتایا کہ وہ اب بھی والد بننے کے خواہش مند ہیں اور اس امکان پر غور کر رہے ہیں۔

گفتگو کے دوران سلمان خان نے کرن جوہر کو تنہا والد کی حیثیت سے اپنے جڑواں بچوں کی پرورش کرنے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جب کرن جوہر کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بچوں کی پیدائش ہوئی تھی تو وہ ان کے لیے بے حد خوش تھے۔

شادی نہ کرنے کے سوال پر سلمان خان نے واضح کیا کہ وہ اپنی موجودہ زندگی سے مطمئن ہیں اور خود کو تنہا محسوس نہیں کرتے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اصل تنہائی اس وقت محسوس ہوتی ہے جب کوئی بھی آپ کے ساتھ رہنا نہ چاہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسا نہیں کہ کسی نے انہیں اپنا شریکِ حیات بنانے سے انکار کیا ہو بلکہ وہ اپنی زندگی سے خوش ہیں۔

سلمان خان کی گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ وہ فی الحال شادی کرنے کے حوالے سے کوئی واضح منصوبہ نہیں رکھتے تاہم مستقبل میں بچوں کے والد بننے کی خواہش اب بھی ان کے دل میں موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US